
بھائی پھیرو(نامہ نگار) بھائی پھیرو۔پنجاب کے وزیرِ قانون رانا محمد اقبال خان نے بھائی پھیرو میں 4 ارب 75 کروڑ روپے کے میگا ترقیاتی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا، جس کے بعد شہر میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔مولانا فضل الرحمان سے شہدا کے بارے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ۔ جلسہ عام میں سیاسی و سماجی شخصیات، کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی، وزیرِ قانون رانا محمد اقبال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی گرانٹ سے شہر میں سیوریج سسٹم، صاف پانی کی فراہمی، واٹر سپلائی، واٹر فلٹریشن پلانٹس، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، پی سی سی سولنگ، گلیوں اور نالیوں کی تعمیر، کھیلوں کے میدان، گرین گراس گراؤنڈز، ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات اور شہری بنیادی ڈھانچے کی بہتری سمیت متعدد منصوبے مکمل کیے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بھائی پھیرو کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور شہر کو حقیقی معنوں میں“پھولوں کا شہر”بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا، بنیادی سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوگا اور علاقے کی متوازن ترقی کو یقینی بنایا جائے گا، اپنے خطاب کے دوران وزیرِ قانون نے سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن سے شہداء سے متعلق دیے گئے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اپنے الفاظ واپس لیں اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے والے بیانات سے گریز کریں۔ رانا محمد اقبال خان نے مزید کہا کہ اگر الفاظ واپس نہ لیے گئے تو یہ مولانا فضل الرحمٰن کے لیے مناسب نہیں ہوگا، تقریب کے اختتام پر شہریوں نے 4 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکج کو بھائی پھیروکی تاریخ کا ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں سے شہر کی ترقی اور عوامی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی،جلسہ عام سے رانا محمد اقبال خاں کے صاحبزادوں رانا شہزاد اقبال خاں،رانا جاوید اقبال خاں،الحاج ممتاز خالد ببھٹی اور سید بلال شاہ نے بھی خطاب کیا۔




