
لاہور (خصوصی نمائندہ) معروف تاجر رہنما اور چیئرمین موتی بازار ملک محمد اشفاق کی جانب سے اپنی رہائش گاہ پر پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں روحانی، مذہبی، سیاسی، سماجی، قانونی اور تاجر برادری سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں مرشدِ کریم سید عرفان احمد شاہ المعروف نانگا مست سرکار، پروفیسر سید وجہیہ الحسن شاہ بخاری ایڈووکیٹ، کوآرڈینیٹر وزارتِ صنعت و پیداوار و جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (لاہور) محمد ندیم پہلوان نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کے آغاز پر مرشدِ کریم سید عرفان احمد شاہ نے وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی، معاشی استحکام، امن، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ انہوں نے اس موقع پر باہمی محبت، اخوت اور قومی ہم آہنگی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔تقریب میں محمد رضا اویسی ایڈووکیٹ (چیئرمین پاور گروپ آف لائرز)، ملک اسد علی (یوکے)، محمد نوید پہلوان، محمد مدثر ایڈووکیٹ، محمد مزمل، محمد مبشر، حافظ محمد معیز اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔پروفیسر سید وجہیہ الحسن شاہ بخاری ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کے لیے اللہ والوں کی صحبت ناگزیر ہے۔ انہوں نے والدین کے احترام، اعلیٰ اخلاق، دینی اقدار اور مثبت معاشرتی رویوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔محمد ندیم پہلوان نے کہا کہ ساداتِ کرام سے محبت و عقیدت امتِ مسلمہ کے اتحاد کا سرمایہ ہے۔ انہوں نے خدمتِ خلق کو عظیم عبادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی اداروں کا احترام، قانون کی پاسداری اور وطنِ عزیز کے استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔میزبان ملک محمد اشفاق نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور معاشی ترقی، دیانت داری اور قومی خوشحالی کے لیے تاجروں کو اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والی تمام معزز شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی نشستیں معاشرتی ہم آہنگی، باہمی روابط اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ عشائیہ خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جہاں شرکاء نے ملک میں امن، استحکام، قومی یکجہتی اور سماجی خدمت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔




