
پورٹ آف اسپین(نمائند سپورٹس) ویسٹ انڈیز نے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری میچ کے تیسرے دن پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 6 وکٹ پر 103رنز بنالیے اور اسے مہمان ٹیم کے خلاف 60 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم میزبان ٹیم کے 344 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں387 رنز بناکر آؤٹ ہوئی ، جواب میں ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 103رنز بنالیے۔ پورٹ آف اسپین ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے 266 رنز 2 وکٹ سے اپنی پہلی اننگز آگے بڑھائی۔کپتان بابر اعظم 88 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے، ڈیبیو کرنے والے اویس ظفر ایک ، سلمان علی آغا صفر اور محمد رضوان 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ساجد خان نے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر اسکور 370 تک پہنچایا پھر ساجد خان 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، علی عثمان نے 10 رنز بنائے، عبید شاہ اور محمد علی صفر پر آؤٹ ہوئے، عبداللہ شفیق 160 رنز کی اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔یوں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کے 344 رنز کے جواب میں387 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور 43 رنز کی برتری حاصل کی۔ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 43 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ ویسٹ انڈیز کا ٹاپ آرڈر پاکستانی بولرز کے سامنے جم کر بیٹنگ نہ کرسکا اور ایک کے بعد ایک بیٹر پویلین لوٹ گیا۔ تیسرے دن کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹ پر 103 رنز بنا لیے اور اسے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 60ر نز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز دن کی آخری گیند پر17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کیوم ہوج نے 34 رنز بنائے۔دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 4 اور علی عثمان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔



