
بارباڈوس(نمائندہ سپورٹس) دنیائے کرکٹ کے عظیم ترین آل راؤنڈرز میں شمار ہونے والے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان سر گیری سوبرز 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق سر گیری سوبرز نے بارباڈوس میں اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔سر گیری سوبرز کو کرکٹ تاریخ کے سب سے باصلاحیت اور مکمل کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ شاندار بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ بائیں ہاتھ سے فاسٹ بولنگ، آرتھوڈوکس اسپن اور کلائی کی اسپن باؤلنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ وہ ایک بہترین فیلڈر اور سلپ میں غیر معمولی کیچ لینے والے کھلاڑی بھی تھے۔کرکٹ انفو کی رپورٹ کے مطابق سوبرز نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 1954 سے 1974 تک 93 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں انہوں نے 8032 رنز 57.78 کی اوسط سے بنائے اور 235 وکٹیں 34.03 کی اوسط سے حاصل کیں۔ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں آئی سی سی نے مردوں کی کرکٹ کے سالانہ ایوارڈ کا نام “سر گیری سوبرز ایوارڈ” رکھا، جو تینوں فارمیٹس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو دیا جاتا ہے۔کرکٹ ویسٹ انڈیز نے اپنے بیان میں کہا کہ “ایک عظیم اننگز اختتام کو پہنچی، ہمارے دلوں میں اب اور ہمیشہ سر گیری سوبرز زندہ رہیں گے۔




