اسلام آباد(پاک نیوز) 8 فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کیلئے پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ملتان میں قومی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں کے پریزائیڈنگ افسران کو سامان کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے، پولنگ سامان فراہم کرنے کے لیے تین سینٹرز بنائے گئے ہیں۔این اے 148، این اے 149، این اے 150 اور این اے 151 کے پریزائیڈنگ افسران کو سامان ملتان پبلک اسکول سے فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ این اے 152 کے لیے شجاع آباد اور این اے 153 کے لیے جلال پور پیروالا میں سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کا کہنا ہے کہ پولنگ سامان سخت سکیورٹی میں پریزائیڈنگ افسران کو فراہم کیا جا رہا ہے، پولنگ سامان پولیس کی سکیورٹی میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا جا رہا ہے، پولنگ سامان کی ترسیل شام 6 بجے تک مکمل کرلی جائے گی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک بھر میں عوام کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، عام انتخابات میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔8 فروری کو ہونے والی پولنگ کیلئے 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ الیکشن کیلئے ذمہ داریاں انجام دے گا، ہر حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 اور صوبائی اسمبلی کی 297 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں پر 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ووٹرز پسندیدہ امیدواروں کا چناؤ کریں گے۔خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی اسمبلی کی 115 نشستوں پر صوبے کے 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے۔بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں پر 53 لاکھ 71 ہزار 947 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر 10 لاکھ 83 ہزار 29 ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 16 ہزار 766 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس جبکہ 29 ہزار 985 حساس قرار دیا گیا ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پاک فوج تعینات کی جارہی ہے۔پولنگ اسٹیشنوں پر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیے گئے ہیں۔الیکشن نتائج کی ترسیل و تدوین کیلئے الیکشن منیجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) استعمال کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی سامان کی پولنگ اسٹیشن تک ترسیل، گنتی اور اس کی ریٹرننگ افسران کے دفاتر تک واپسی کیلئے سکیورٹی کی ذمہ داری افواج پاکستان کی ہوگی۔
Related Articles
Check Also
Close
-
ریلوے نے مسافر ٹرینوں کے کرائے میں اضافہ کر دیاFebruary 2, 2023