اسلام آباد(پاک نیوز) توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کیخلاف فوجداری کارروائی کیس میں عدالت نے سابق وزیراعظم پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت کی۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف فوجداری کارروائی کا ریفرنس عدالت کو بھیجا تھا۔عدالت نے عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ عمران خان پر فرد جرم آئندہ سماعت میں 7 فروری کوعائد کی جائے گی۔توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں عدالت نے آج عمران خان کو طلب کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔عدالت نے وکیل علی بخاری سے استفسار کیا کہ عمران خان کا وکالت نامہ کدھر ہے جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ وکالت نامہ اس وقت تک نہیں آ سکتا جب تک عمران خان خود نا آئیں۔وکیل علی بخاری کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ سماعت پر عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا۔ عدالت نے وکیل کو آج وکالت نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی۔ وکیل کا موقف تھا کہ جب تک شورٹی بانڈز نہیں آ جاتے تب تک یہ وکالت نامہ نہیں دے سکتے۔
Related Articles
Check Also
Close