اسلام آباد(پاک نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے کے بڑے اضافے کا اعلان کر دیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کی خبریں سامنے آئیں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 11 فیصد تک کا اضافہ ہوا، ہمیں ان سب چیزوں کو سامنے رکھنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر تک اضافے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، پچھلے 4 ماہ میں ایک بار بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کو نہیں بڑھایا گیا بلکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 20 روپے تک کی کمی کی گئی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 29 اور 30 روپے کی کمی کی گئی۔ان کا کہنا تھا اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔ان کا کہنا تھا وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ روپے کی قدر کے اعداد و شمار کو مد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 18، 18 روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہو گی۔ اسی طرح مٹی کا تیل 189 روپے 83 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل 187 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان آج صبح 11 بجے سے ہو گا۔
Related Articles
Check Also
Close