کراچی(نمائندہ سپورٹس)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے دی اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ملتان کے 160 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا اور 2 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے تیسری بار پی ایس ایل کی چیمپئن بن گئی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد رضوان نے 26 رنز اسکور کیے۔افتخار احمد نے 32 رنزکی ناقابل شکست جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 20گیندوں پر 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 23 رنز دےکر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلی وکٹ 26 کے مجموعی رنز پر گری، کولن منرو 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد آغا سلمان 10 اور شاداب خان 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔مارٹن گپٹل اور اعظم خان نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور چوتھی وکٹ پر 47 رنز کی شراکت بنی تاہم گپٹل 50 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے جبکہ اعظم خان بھی 30 رنز بنا کر اسامہ میر کا شکار بنے۔یونائیٹڈ کی وکٹیں بھی مسلسل گرتی رہیں اور میچ سنسنی خیز مرحلے میں پہنچ گیا لیکن عماد وسیم اور نسیم شاہ کی ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگز نے اسلام آباد کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز کا ہدف آخری گیندپر حاصل کیا اور ملتان کو 2 وکٹوں سے شکست دیکر 9 ویں سیزن کا چیمپئن بن گئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 ، 2018 کے بعد 2024 کا ٹائٹل جیتا۔ عماد وسیم 19 رنزبناکرناقابل شکست رہے اور پلیئر آف دی فائنل قرار پائے۔ پی ایس ایل کے بہترین بیٹر کا ایوارڈ ملتان سلطانز کے عثمان خان لے اڑے۔ پی ایس ایل 9 کے بہترین بولر ملتان سلطانز کے اسامہ میر رہے جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر اعظم خان قرار پائے۔اس کے علاوہ پی ایس ایس 9 کے پلیئرآف دی ٹورنامنٹ شاداب خان قرار پائے۔
Related Articles
Check Also
Close
-
ٹیسٹ کا تیسرا روز:پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 271 رنز پر آؤٹDecember 16, 2023