تازہ ترینپاکستان

سٹیم نمائش کے منتخب پراجیکٹس کے حامل 1100 طلباء کو لیپ ٹاپ دیں گے۔ وزیر تعلیم

لاہور(پریس ریلیز) محکمہ تعلیم پنجاب کے زیر اہتمام اسٹیم ایجوکیشن پر مشتمل ماڈلز کی نمائش کے حوالے سے “جشن سٹیم” کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ ایف سی ڈی او، گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن، یونیسیف اور پی ایم آئی یو کے اشتراک سے منعقدہ جشن سٹیم کیلئے پنجاب بھر سے 2 لاکھ 75 ہزار میں سے منتخب 1100 سے زائد ونرز شریک ہوئے۔ سٹیم مقابلوں میں 14000 سے زائد اساتذہ نے بھی حصہ لیا۔ جشن سٹیم سائنسی، انجینرنگ، ریاضیاتی اور آرٹس و ڈیزائن کی تخلیقات پر مشتمل تھا جس میں 110 منتخب ماڈلز نمائش کیلئے پیش کیے گئے جبکہ کیش پرائز کیلئے 7 ماڈلز شارٹ لسٹ ہوئے۔ جیتنے والے طلباء میں 14 لاکھ روپے کے کیش انعامات تقسیم کئے گئے۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے “جشن سٹیم” کا دورہ کیا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تمام 1100 طلباء کو لیپ ٹاپ بھی دینے کی خوشخبری سنائی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ لیپ ٹاپ ملنے سے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں میں مزید جدت آئے گی اور ان میں تحقیقی ذوق پروان چڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی صلاحیتوں کی پرورش کیلئے پبلک سکولوں میں سائنس و آئی ٹی لیبز اپ گریڈ کرنے کے علاوہ جدید سہولیات سے بھی آراستہ کر رہے ہیں۔ اسی طرح عصر حاضر کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے پبلک سکولوں میں سپوکن انگلش کی کلاسز کا بھی جلد آغاز ہونے جا رہا ہے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ “جشن سٹیم” کے انعقاد کا مقصد طلباء میں سائنسی جدت کا فروغ ہے۔ سٹیم ایجوکیشن جدید دور کے مقابلے کیلئے میں ناگزیر ہو چکی ہے۔ طلباء کے والدین اور عزیز و اقارب نے بھی سٹیم نمائش کا دورہ کیا اور ان کی تخلیقی کاوش کو سراہا۔ جشن سٹیم کے موقع پر طلباء میں کیش پرائز کے علاوہ اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ جشن سٹیم میں پنجاب کے تمام اضلاع سے طلباء شریک ہوئے۔

Related Articles

Back to top button