کراچی (پاک نیوز) الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس میں قرار دیا گیا کہ بلدیاتی الیکشن 15 جنوری ہی کو ہوں گے۔فیصلے کے مطابق کراچی اور حیدر آباد کے بلدیاتی الیکشن پرانی ووٹر لسٹوں ہی پر ہوں گے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے نئی فہرستوں پر انتخابات کرانے کی ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 15 جنوری کو ہی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ جاری کیا۔الیکشن کمیشن نے فیصلے میں جماعت اسلامی کی بلدیاتی انتخابات 15 جنوری ہی کو کرانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے سندھ حکومت کو انتطامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق جمعہ کے روز ہونے والی سماعت میں فیصلہ محفوظ کیا تھا۔دوسری جانب ایم کیو ایم کی جانب سے بلدیاتی انتخابات روکنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں حکم امتناع کی درخواست دائر کر دی گئی ہے، جس پر سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو نے حکم امتناع جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل ریگولر بینچ ہوگا، وہی کیس کی سماعت کرے گا۔ایم کیو ایم کے وکیل کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ جب بلدیاتی الیکشن کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا، الیکشن کمیشن کا کورم پورا نہیں تھا۔ الیکشن کمیشن کا بلدیاتی الیکشن سے متعلق نوٹیفکیشن ہی غیرقانونی ہے۔ عدالت نے ایم کیو ایم کی درخواست 10 جنوری تک ملتوی کر دی۔دریں اثنا چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کی فل بینچ بنانے کی درخواست بھی مسترد کر دی۔ کنور نوید جمیل کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن نامکمل ہونے کے باعث ان کے فیصلے قانونی حیثیت نہیں رکھتے۔ حلقہ بندیوں کے متعلق بھی الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے۔ جب نوٹیفکیشن جاری کیا گیا اس وقت کمیشن میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نمائندے نہیں تھے۔
Related Articles
Check Also
Close