راولپنڈی(سپورٹس نیوز) پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ دنیا میں ایسا کوئی کام نہیں جو نا ہو سکے، لگن ہو تو ہر کام ممکن ہے۔گزشتہ روز جی ایچ کیو میں اولمپیئن ارشد ندیم کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف سمیت کھیل کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔تقریب میں ارشد ندیم اور دیگر کھلاڑیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ آرمی چیف کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری اتنی حوصلہ افزائی کی، دنیا میں ایسا کوئی کام نہیں جو نہ ہو سکے، لگن ہو تو ہر کام ممکن ہے، میں آپ لوگوں کے سامنے اس کی زندہ مثال ہوں۔سابق اسکواش چیمپئن جہانگیر خان کا کہنا تھا ارشد ندیم نے کھیلوں کی دنیا میں ملک کا نام روشن کیا، میرا یوتھ کو یہی پیغام ہے کہ تعلیم اور اسپورٹس توجہ دینی چاہیے، یہی انسان کی شخصیت کو بہتر بناتے ہیں۔قومی کرکٹر بابر اعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے جس طرح پاکستان کا نام روشن کیا وہ باعث فخر ہے جبکہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا ارشد ندیم کا اولمپکس میں نیا ریکارڈ ہمارے لیے قابل فخر ہے۔سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم اصلاح الدین نے کہا کہ ارشد ندیم نے طلائی تمغہ جیتا اور نیا ریکارڈ بھی قائم کیا جبکہ سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم شہباز احمد سینئر کا کہنا تھا ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر خوشی ہے، ارشد کی جیت سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔پاکستان کے ٹینس اعصام الحق نے کہا کہ ہم ارشد پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں اس نے پاکستان کا نام روشن کیا، ارشد ندیم کی جیت سے قوم یکجا نظر آئی، یکجہتی کا احساس پیدا ہوا۔
Related Articles
Check Also
Close