پھول نگر( نمائندہ خصوصی) ضلع قصور کی معروف سماجی اور فلاحی تنظیم النور فاؤنڈیشن کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد
تفصیلات کے مطابق فلاحی تنظیم النور فاؤنڈیشن کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر رانا فہیم اشرف کے ڈیرے پر منعقد کی گئی جس میں علاقہ بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں علمی و ادبی, سماجی و سیاسی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی. تقریب کے مہمان خصوصی کرکٹر فہیم اشرف اور سید محمود الحسن رضوی تھے. النور فاؤنڈیشن کے چئیرمین ڈاکٹر عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ النور فاؤنڈیش مخیر حضرات کے تعاون سے ایک عرصہ سے سماجی فلاح و بہبود کے کام کر رہی ہے جس میں فری میڈیکل کیمپ، سیلاب متاثرین کی ادویات، راشن سے امداد اور مستحق گھرانوں کی بیٹوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرنا نمایاں ہیں. موجودہ مہنگائی کا طوفان بھی ہمارے عزم کو متزلزل نہ کر سکا. ہر سال کی طرح امسال بھی مخیر حضرات کے تعاون سے مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب منعقد کی جائے گی. ان کا مزید کہنا تھا کہ تنظیم کے ممبرز اور مخیر حضرات کے ساتھ ساتھ صحافی برادری بھی ہمارے معاون ہیں جو ہماری کارکردگی کو نیشنل اور انٹرنیشنل لیول پر اُجاگر کرتے ہیں. تقریب کے اختتام پر سال بھر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاؤنڈیشن کے ممبرز میں میڈلز اور شیلڈ تقسیم کی گئیں. جبکہ بہترین صحافتی خدمات سرانجام دینے پر صحافیوں کو بھی اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا.